Olma se Doori, ‏Deen se Doori hai ‎/ ‏علما ‏سے ‏دوری ‏، ‏دین ‏سے ‏دوری ‏ہے ‏


🥀 علما سے دوری، دین سے دُوری ہے..! 🥀


       ہم نے قرآن و حدیث، اقوال صلحا اور عقلی و نقلی دلاٸل کی روشنی میں اس اہم موضوع کو بیان کرنے کی‌ کوشش کی ہے۔ اللہ سے دعا کرتے ہیں کہ اسکو امت کے حق میں بہترین خیرخواہ ثابت فرماٸے اور ہمارے جان و جگر میں عظمت علماٸے اھلسنت جاگزیں فرماٸے_
 
حدیث پاک میں ہے:
"العالم سلطان اللہ فی الأرض فمن وقع فیہ فقد ھلک"

آقا ﷺ نے ارشاد فرمایا: عالم زمین کے اندر اللہ کی حجت (دلیل ) ہوتا ہے تو جو اس کی توہین کرے گا، یقینا وہ ہلاک ہو گا_
   (کنزالعمال، ج: 10، ص: 134)

 اس حدیثِ پاک سے علما کی اہمیت اور ان کی توہین کرنے کے وبال کا بخوبی‌ اندازہ لگایا جاسکتا ہے!


اب قرآنی آیات سے اس کو واضح کرتے ہیں!

🌿 آیات قرآنیہ 🥀

(1) وَ تِلْكَ الْاَمْثَالُ نَضْرِبُهَا لِلنَّاسِۚ- وَمَا یَعْقِلُهَاۤ اِلَّا الْعٰلِمُوْنَ. 
(پ:20, س:عنکبوت، آیت:43)

ترجمہ کنزالعرفان: اور یہ مثالیں ہیں جنہیں ہم لوگوں کے لیے بیان فرماتے ہیں اور انہیں علما ہی سمجھتے ہیں_

 ان مثالوں کو، ان کی حقیقت کو اور ان میں پوشیدہ فوائد کو صرف علما ہی جانتے ہیں_
 (تفسیرالرازی ج 25, ص 59, تحت ھذہ الایۃ)

لہذا معلوم ہوا کہ قرآنی آیات کو سمجھنے کے لیے علما کی صحبت ضروری ہے!

 (2) قُلْ هَلْ یَسْتَوِی الَّذِیْنَ یَعْلَمُوْنَ وَ الَّذِیْنَ لَا یَعْلَمُوْنَؕ-اِنَّمَا یَتَذَكَّرُ اُولُوا الْاَلْبَابِ۠. 
(پ: 23 , س: زمر، آیت 9)

ترجمہ کنزالعرفان: تم فرماؤ: کیا علم والے اور بے علم برابر ہیں؟ عقل والے ہی نصیحت مانتے ہیں_

اس آیت سے علم اور علماءِ کرام کی فضیلت معلوم ہوئی کہ اللہ تعالیٰ نے علم والوں کو بے علموں سے ممتاز فرمایا ہے_
 (تفسیر صراط الجنان، ج: 8, ص: 440, تحت ھذہ الایۃ...)  

(3) یَرْفَعِ اللّٰهُ الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا مِنْكُمْۙ-وَ الَّذِیْنَ اُوْتُوا الْعِلْمَ دَرَجٰتٍؕ. 
(پ: 28, س: مجادلہ، آیت: 11)

ترجمہ‌ کنزالعرفان: اللہ تم میں سے ایمان والوں کے اور ان کے درجات بلند فرماتا ہے، جنہیں علم دیا گیا_

حدیث پاک ہے: "مومن عالم، مومن عابد پر 70/ درجے زیادہ فضیلت رکھتا ہے"_
(احیاءالعلوم ج 1، ص 48)

" اس بات میں کوئی شبہ نہیں کہ باعمل عالِم کا علم ایسے مرتبے کا تقاضہ کرتا‌ ہے جو عام مومنین کو حاصل نہیں ہے، اسی وجہ سے تمام کاموں میں عالم کی اقتدا کی جاتی ہے نہ کہ غیر عالم کی، کیونکہ عالم حرام اور شبہات سے بچنے کی صورت اور محاسبۂ نفس کی کیفیت کو جانتا ہے جو غیر عالم نہیں جانتا، اور وہ عبادت میں خشوع و خضوع کی کیفیت کو جانتا ہے جو کہ غیر عالم نہیں جانتا، اور وہ توبہ کی صورت، اس کے اوقات اور صفات کو جانتا ہے جو کہ غیر عالم نہیں جانتا ہے، اور وہ حقوقِ لازمہ میں احتیاط کرتا ہے جو کہ غیر عالم نہیں کرتا کرتا"
 (تفسیر الرازی, ج 29, ص 494، تحت ھذہ الایۃ)

لہذا دین و دنیا کی بھلائیاں حاصل‌ کرنے کے لیے عالم کی صحبت لازمی ہے؛ ورنہ دین سے دوری کے بہت زیادہ امکانات ہیں_


اب آٸیں احادیث مبارکہ کے چراغ سے علماٸے کرام کی عظمت و اہمیت پر روشنی ڈالتے ہیں_

 
🌿  احادیث مبارکہ🥀

قال رسول الله ﷺ
"من وقر عالما فقد وقر ربه" 
جانِ کاٸنات، مخدومِ کاٸنات ﷺ نے ارشاد فرمایا: جس نے عالم کی عزت کی،  تحقیق اس نے رب عزوجل کی عزت کی" 
 (کنوز الحقاٸق، ج: 2، ص: 121)

فائدہ...!🥀
 غور کیجیے کہ اگر عالم کی عزت کرنا گویا رب کی عزت کرنا ہے تو عالم کی توہین و تنقیص کرنا کتنا برا عمل ہوگا_

(2) رسول الله ﷺ نے فرمایا:
علمائے کرام، زمین کے چراغ اور انبیاء علیہم السلام وارث ہیں_" (کنز العمال ج 10، ح 28673)
 

(3) قال رسول الله ﷺ
 "سیاتی زمان علی امتی یفرون من العلما والفقھا ٕفیبتلیھم اللہ بثلاث بلیات اولھا (1) یرفع البرکة من کسبھم (2) یسلط اللہ علیھم سلطانا ظالما (3) یخرجون من الدنیا بغیر ایمان."

حضور روحِ کاٸنات، زینتِ بزم کاٸنات ﷺ نے ارشاد فرمایا:
عنقریب میری امت پر ایک ایسا زمانہ آٸے گا کہ لوگ علما، فقہا سے دُور بھاگیں گے ( انہوں نے دین کو مشکل بنا دیا، دین تو آسان ہے وغیرہ وغیرہ ) تو اس وقت اللہ تعالیٰ، تین قسم کی آفات میں مبتلا کرے گا (1) ان کے رزق سے برکت اُٹھ جاٸے گی_
 (2) اللہ ان پر ظالم و جابر حکمران (وزیر اعظم ) مسلط کرے گا_
 (3) وہ دنیا سے ایمان کے بغیر نکلیں گے ( بے ایمان ہو کر مریں گے )
(درة الناصحین، ص:24)
 
علم و علما کی فضیلت اور ان کی صحبت کے فوائد و احوال میں چند اقوال سلف ملاحظہ فرمائیں! 


 اقوالِ بزرگان دین🥀

(1) حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالٰی عنہ نے ارشاد فرمایا: ہزار عابد جو قائم اللیل اور صائم النہار ہو، اس کا مرنا اس عالم کی موت کے برابر نہیں جو خدا کے حلال و حرام پر صبر کرتا ہو_

(2) مولی مشکل کشا، علی المرتضی رضی اللہ تعالٰی عنہ فرماتے ہیں: عالم، روزہ دار شب بیدار مجاہد سے افضل ہے_

(3) ابن عباس رضی اللہ تعالٰی عنہما فرماتے ہیں: علما کی صحبت، اختیار کرنا عبادت ہے_
(فضیلت العلم و العلما، صفحہ: 8)

(4) علما کی زیارت کرنا ایک سال کے نماز و روزہ سے بہتر ہے_
   (فیضان علم و علماء صفحہ 15)

5.حضرت ضرار بن عمر رضی اللہ تعالٰی عنہ فرماتے ہیں:
ایک قوم نے علم اور علم والوں کی مجلسوں کو چھوڑ دیا اور نمازیں پڑھیں اور روزے رکھے یہاں تک کہ ان کی کھالیں ان کے جسموں پر بوسیدہ ہو گئیں؛ لیکن یہ سارا عمل اس حال میں تھا کہ انھوں نے(علم نہ ہونے کی وجہ سے) سنت کی مخالفت کی پس وہ ہلاک و برباد ہو گئے_"
فرمایا: اس ذات کی قسم جس کے علاوہ کوئی معبود نہیں ہے، کوئی عمل کرنے والا کچھ عمل نہیں کرتا جہالت کی وجہ سے مگر یہ کہ اس کا فساد اس کی اصلاح سے زیادہ ہوتا ہے_
(علم و علما کی اہمیت، صفحہ: 84 مکتبہ اہل سنت)


 عقلی مثالیں🌿
 
 1. مسلمان حکمرانوں نے جب تک علما  کو عزت دی تو اللہ تبارک و تعالی نے ان کو عزت عطا فرماٸی اس کے برعکس جن حاکموں نے علماٸے کرام کی عزت کو ٹھیس پہنچایا،  اللہ تعالی نے دنیا میں ہی ان کے لیے ذلت و رسواٸی مقدر فرماٸی_

 2. مچھلی سمندر میں رہے تو اسکی بقا ہے، اس کی جانی حفاظت ہے 
ایسے ہی علماٸے کرام کی صحبت ان کا قرب ہمارے ایمان کی بقا کے لیے ضروری ہے، ان سے دوری ہمارے ایمان کے لیے نقصان دہ ہے _

اسی لیے کہا گیا ہے:
"حیاة العالم، حیاة العالم" 
عالِم کی زندگی تمام جہان کی زندگی ہے_

"موت العالِم موت العالم" 
عالم دین کی موت جہان کی موت ہے_

سوال‌ و جواب🌿

سوال: 
بعض لوگوں کے ذہن میں یہ‌ سوال آسکتا ہے کے کیا دین کو سمجھنا علما سے ہی ضروری ہے، اللہ نے ہمیں عقل دی ہے ہم خود سے ہی قرآن و حدیث اور دینی مسائل کو سمجھ سکتے ہیں؟

 الجواب:
 یہ خیال باطل ہے، اللہ پاک فرماتا ہے: فسٸلوا اھل الذکر ان کنتم لاتعلمون. 
(سورة النحل ألآیة43)

ترجمہ:
اے لوگو اگر تم نہیں جانتے تو علم والوں سے پوچھو 
اس آیت میں یہ حکم دیا جا رہا ہے کہ جس مسٸلہ کی تمہیں سمجھ نہ ہو تو علماٸے کرام کی بارگاہ میں سوال کرو اور اپنی عقل اور‌ قیاس کا استعمال نہ‌ کرو!
 
 اس بات کو ایک عقلی مثال سے سمجھو:
جس طرح ایک ڈاکٹر بلڈنگ نہیں بناسکتا اور انجینیر آپریشن نہیں کر سکتا ایسے ہی غیر عالم دینی مسائل میں اپنی عقل نہیں لگاسکتا بلکہ اسے جاننے کے لیے علما سے سوال کرنا پڑےگا_
ایسے لوگوں کو یہ بھی غور کرنا چاہیے کہ کہیں ہمارے ذہن میں یہ سوال علما سے نفرت کی وجہ سے تو نہیں آرہا_ (معاذاللہ)   

🌿 علماء اہلسنت کی صحبت‌ کے ذرائع 🌿

آج کے ترقی یافتہ دور بہت سارے ذرائع ہیں_
مثلا: مدنی چینل, مدراس اہلسنت، علماۓ اہلسنت کی کتابیں، اہلسنت کے دارالافتاء، سوشل میڈیا پر علماء اہلسنت کی پیجز اور چینلز وغیرہ

اللہ عزوجل سے دعا ہے کہ وہ ہمیں علماء کی صحبت اختیار کرنے اور ان سے علم دین سیکھ کر اس پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے


علمائے اہل سنت و جماعت کی فضیلت اور اہمیت پر یہ منفرد تحریر آپ کو حق کی دعوت دے رہی ہے؛ لہذا ماننے کے لیے فقط ایک دلیل کافی ہے اور نہ ماننے کے لیے ہزاروں دلاٸل بھی معنی نہیں رکھتے_

 شاید کہ اتر جاٸے کسی کے دل میں یہ بات
آمین بجاہ النبی الامین صلی اللہ علیہ والہ وسلم. 

تقبل اللہ منا السعی والکتابة. 


مجلس دار التحقیقات
محررین: ابو البیان مہران عطاری، حافظ محمد اسامہ عطاری، محمد قیصر قادری


جدید تر اس سے پرانی

رابطہ فارم