فعل لازم کی پہچان کا طریقه / Fel e Lazim Pahchanne Ke Tariqe

فعل لازم کی پہچان کا طریقه

فعل لازم کی 17 علامات ہیں:

پھر یہ علامات دو حصوں میں منقسم ہوتی ہیں

1- جن کا تعلق ترجمہ یعنی معنی کے ساتھ ہے
2- جن کا تعلق وزن اور باب کے ساتھ ہے

وہ علامات کے جن کا تعلق ترجمہ یعنی معنی کے ساتھ ہے:

1- وہ افعال کہ جن کے اندر طبیعت، فطرت، مزاج والا معنی ہو، لازم ہوتے ہیں۔ جیسے شجع (شجاعۃ بہادر ہونا)، حسن (حسن خوبصورت ہونا)، قبح (قباحۃ برا ہونا)


 
2- وہ افعال کہ جن میں نظافت یعنی پاکیزگی و صفائی والا معنی ہو، لازم ہوتے ہیں۔ جیسے طھر (طھارۃ صاف ہونا)، نظف (نظافۃ صاف ستھرا ہونا)۔


 
3- وہ افعال کہ جو ایسے عارضہ پر دلالت کریں جو عارضہ غیر لازم ہو، لازم ہوتے ہیں۔ جیسے مرض (مرَض بیمار ہونا)، کسل (کسَل سست ہونا)، حزن (حزن غمزدہ ہونا)

4- وہ افعال کہ جو ھیئت پر دلالت کریں، لازم ہوتے ہیں۔ جیسے طال (طول لمبا ہونا)

5- وہ افعال کہ جو غلاظت والے معنی پر دلالت کریں، لازم ہوتے ہیں۔ جیسے قذر (قذرٌ میلا ہونا)، وسخ (وسخٌ گندا ہونا).


 
6- وہ افعال کہ جو زیور، زیب و زینت والے معنی پر دلالت کریں، لازم ہوتے ہیں۔ جیسے کحل (کحلٌ آنکھوں کا سرمگیں ہونا)، دعج بڑی آنکھوں والا ہونا، نجل بڑی اور خوبصورت آنکھوں والا ہونا۔

7- وہ افعال کہ جن کے اندر عیب والا معنی ہو، لازم ہوتے ہیں جیسے عمش (عمش کمزور نظر ہونا)، عور اندھا ہونا۔

8- وہ افعال کہ جو رنگ والے معنی پر دلالت کریں، لازم ہوتے ہیں۔ جیسے اخضر ہرا ہونا، اصفر زرد ہونا، احمر سرخ ہو جانا۔


 
9- وہ افعال کہ جن کے مصادر کے ترجمہ میں لفظ “ہونا” آئے، لازم ہوتے ہیں۔ جیسے لمبا ہونا، داخل ہونا وغیرہ۔


 
اور وہ افعال کہ جن کے مصادر کے ترجمہ میں لفظ “کرنا” آئے متعدی ہوتے ہیں۔ جیسے مدد کرنا، ظلم کرنا۔

10- وہ افعال کہ جن کی ماضی کے ترجمہ میں لفظ “وہ” آئے، لازم ہوتے ہیں۔ جیسے وہ گیا، وہ آیا وغیرہ۔

اور وہ افعال کہ جن کی ماضی کے ترجمہ میں لفظ”اس” آئے متعدی ہوتے ہیں۔ جیسے اس نے مدد کی، اس نے مارا وغیرہ۔

وہ علامات کہ جن کا تعلق وزن اور باب سے ہے:

1- وہ افعال کہ جن کے مصادر “فُعُول” کے وزن پر ہوں، لازم ہوتے ہیں۔ جیسے لحوق، دخول وغیرہ

2- وہ افعال کہ جن کی ماضی “فَعُلَ” کے وزن پر ہو، لازم ہوتے ہیں۔ جیسے کرم، شرف، جمل وغیرہ

3- وہ افعال کہ جن کی ماضی “اِنْفَعَلَ” کے وزن پر ہو، لازم ہوتے ہیں۔ جیسے انکسر، انطلق، انصرف وغیرہ۔

4- وہ افعال کہ جن کی ماضی “اِفْعَلَّ” کے وزن پر ہو، لازم ہوتے ہیں۔ جیسے ازورّ، احمرّ، اغبرّ وغیرہ۔

5- وہ افعال کہ جن کی ماضی “اِفْعَالَّ” کے وزن پر ہو، لازم ہوتے ہیں۔ جیسے احمارّ، ازوارّ، افضارّ وغیرہ۔

6- وہ افعال کہ جن کی ماضی “اِفْعَلَلَّ” کے وزن پر ہو، لازم ہوتے ہیں۔ جیسے اقشعرّ، اطمأنّ، اکفھرّ وغیرہ۔

7- وہ افعال کہ جن کی ماضی “اِفْعَنْـلَلَ” کے وزن پر ہو، لازم ہوتے ہیں۔ جیسے احرنجم، افعنسس وغیرہ۔

از جامع الدروس العربیہ، الصرف الکافی
جدید تر اس سے پرانی

رابطہ فارم